ہالی وڈ کی معروف اداکارہ اور کاروباری شخصیت کماری جانسن 50 سال کی عمر میں انتقال کرگئیں۔ وہ ٹی وی سیریز ’بیورلی ہلز، 90210‘ اور فلم ’ڈیوڈ، وئیرز مائی کار؟‘ میں اداکاری کے باعث شہرت رکھتی تھیں۔
اہلِ خانہ کے مطابق کماری جانسن کا انتقال 4 نومبر کو ہوا۔ اس سے قبل انہیں دل کی شریان سے متعلق ایک سنگین طبی مسئلے کی تشخیص ہوئی تھی۔
رپورٹس کے مطابق اداکارہ کو 27 اکتوبر کو لاس اینجلس میں واقع ان کے گھر پر طبی ایمرجنسی کے بعد سیڈرز سائنائی میڈیکل سینٹر منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ زیرِ علاج رہیں۔ ان کی بھانجی رونڈا اسکاٹ نے بتایا کہ دل سے متعلق طبی پیچیدگی کے بعد اداکارہ نے بدھ کی دوپہر پرسکون انداز میں آخری سانس لی۔
رونڈا اسکاٹ کے مطابق کماری جانسن ایک روشن اور پُراثر شخصیت کی مالک تھیں، خاندان ان کی زندگی اور یادوں کو ہمیشہ عزت و محبت کے ساتھ یاد رکھے گا۔
کماری جانسن کا اصل نام کم میری جانسن تھا۔ وہ امریکی ریاست پنسلوانیا کے شہر پٹسبرگ میں پیدا ہوئیں اور ولکنزبرگ میں پرورش پائی۔ انہوں نے کیلیفورنیا یونیورسٹی آف پنسلوانیا سے ابتدائی تعلیم اور بچوں کی نفسیات کے شعبوں میں تعلیم حاصل کی، جس کے بعد نیویارک منتقل ہوگئیں۔
اداکاری سے قبل انہوں نے بین الاقوامی پروازوں میں فضائی میزبان کے طور پر بھی کام کیا، اسی دوران ماڈلنگ کے شعبے میں قدم رکھا۔ 1993 میں وہ مس پنسلوانیا یو ایس اے منتخب ہوئیں اور مس یو ایس اے کے مقابلے کے فائنل مرحلے تک پہنچیں۔
اسی سال انہوں نے ٹی وی سیریز ’بیورلی ہلز، 90210‘ کی ایک قسط سے اداکاری کا آغاز کیا۔ بعد ازاں وہ مختلف ٹی وی پروگراموں اور فلموں میں نظر آئیں، جن میں ’V.I.P.‘، ’ڈیوڈ، وئیرز مائی کار؟‘، ’لیگیسی‘ اور ’دی سمر آف میسیکر‘ شامل ہیں۔
2003 میں بیٹے کی پیدائش کے بعد انہوں نے کچھ عرصے کے لیے اداکاری سے وقفہ لیا، تاہم بعد میں دوبارہ شوبز سے وابستہ ہوگئیں اور 2007 سے 2010 کے دوران متعدد اسٹیج ڈراموں میں مرکزی کردار ادا کیے۔
اداکاری کے علاوہ کماری جانسن نے کاروباری میدان میں بھی اپنی شناخت بنائی۔ انہوں نے 2011 میں جلد کی نگہداشت کی کمپنی ’اسکن گلو بائی کماری‘ قائم کی، جسے وہ اپنی وفات تک چلاتی رہیں۔
ان کا آخری اداکاری کا کام 2017 میں ٹی وی سیریز ’ٹکرز وار‘ کی ایک قسط تھی، جبکہ رواں سال وہ فلم ’مائیکل‘ کے پریمیئر میں بھی شریک ہوئی تھیں۔ ان کی وفات پر مداحوں اور شوبز حلقوں کی جانب سے افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔









