اسپین نے روس کے ساتھ جاری جنگ میں یوکرین کی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے لیے 437 ملین یورو (تقریباً 490 ملین ڈالر) کے نئے فوجی امدادی پیکج کا اعلان کردیا ہے۔
اس امداد کا مقصد یوکرین کو روسی میزائل اور ڈرون حملوں سے بچانے اور اہم دفاعی ضروریات پوری کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔
یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے جمعرات، 5 نومبر 2026ء کو میڈرڈ میں اسپین کے وزیراعظم پیڈرو سانچیز سے ملاقات کے بعد اس امدادی پیکج کی تصدیق کی۔
انہوں نے اسپین کی مسلسل حمایت پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے امدادی پیکج کے مندرجات اور یوکرین کی فوری دفاعی ضروریات پر تفصیلی گفتگو کی۔
ملاقات کے دوران زیلنسکی نے اسپین کے وزیراعظم کو یوکرین کے توانائی کے نظام، بجلی کی ترسیل، پانی کی فراہمی، لاجسٹکس اور ریلوے نیٹ ورک پر روسی حملوں سے ہونے والے نقصانات سے آگاہ کیا۔
یوکرینی صدر کے مطابق روسی حملوں کے نتیجے میں رواں سال یوکرین کے اتنے زیادہ انجن اور لوکوموٹیوز تباہ یا متاثر ہوئے ہیں کہ گزشتہ برسوں کی مکمل جنگ کے دوران بھی اس نوعیت کا نقصان نہیں ہوا تھا۔
انہوں نے خصوصاً دارالحکومت کیف کی صورتحال کو تشویش ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے بجلی اور پانی کی فراہمی کے نظام مسلسل حملوں کی زد میں ہیں، جس کے باعث فوجی امداد کے ساتھ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر تعاون بھی انتہائی ضروری ہوگیا ہے۔









