4

ٹرمپ کی پارٹی شکست، عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمت میں بڑی کمی کا امکان

عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، امریکا میں وسط مدتی انتخابات کے نتائج کے بعد ایران کے ساتھ جنگ کے خاتمے اور مصالحت کی امیدوں نے تیل کی عالمی منڈی پر اثرات مرتب کرنا شروع کردیے ہیں۔

غیرملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ری پبلکن پارٹی کو وسط مدتی انتخابات میں شکست کے بعد ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں کمی کی توقعات بڑھ گئی ہیں، جس کے نتیجے میں عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باعث اسٹاک مارکیٹ میں بھی مندی دیکھی جا رہی ہے، تاہم مشرق وسطیٰ میں بحری جہازوں پر حملوں کے واقعات خام تیل کی قیمتوں کو مزید نیچے آنے سے روک رہے ہیں۔

عالمی مارکیٹ میں جنوری کے لیے برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 26 سینٹ یعنی 0.3 فیصد اضافے کے بعد 98.55 ڈالر فی بیرل ہوگئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی قیمت بھی 57 سینٹ یعنی 0.6 فیصد اضافے کے بعد 91.09 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی فی بیرل قیمت 100 ڈالر سے تجاوز کرگئی تھی، تاہم موجودہ صورتحال میں 2020 کے بعد ایک ہفتے کے دوران تیل کی قیمتوں میں سب سے بڑی کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ماہرین کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں ممکنہ کمی اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کے آئندہ رجحان کا تعین کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔