4

آئندہ 24 گھنٹوں میں موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے اہم پیشگوئی کردی

محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم کی صورتحال سے متعلق پیشگوئی جاری کردی، جس کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ شمالی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود اور موسم سرد رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، تاہم شمالی علاقوں میں جزوی ابر آلود موسم کے ساتھ سردی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔

پنجاب اور اسلام آباد میں موسم کی صورتحال

محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے کے روز اسلام آباد اور گردونواح میں موسم خشک رہے گا، تاہم صبح اور رات کے اوقات میں سردی محسوس کی جائے گی۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ مری، گلیات اور گردونواح میں صبح اور رات کے وقت موسم سرد رہے گا۔

دوسری جانب صبح کے اوقات میں نارووال، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور اور گردونواح میں بعض مقامات پر دھند اور اسموگ چھانے کا امکان ہے۔

خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں موسم

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا، تاہم پہاڑی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ صبح اور رات کے اوقات میں سردی کا امکان ہے۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک رہے گا، جبکہ شمالی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور صبح و رات کے اوقات میں خنکی محسوس ہونے کی توقع ہے۔

سندھ، گلگت بلتستان اور کشمیر کی صورتحال

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

اسی طرح گلگت بلتستان اور کشمیر میں موسم خشک اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے، جبکہ صبح اور رات کے اوقات میں سردی کی شدت برقرار رہ سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق فی الحال ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش کا کوئی امکان ظاہر نہیں کیا گیا، تاہم شمالی علاقوں میں سرد موسم اور پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند اور اسموگ کے باعث شہریوں کو احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔