4

بجلی سے متعلق عوامی مسائل کا حل اولین ترجیح ہے: گورنر خیبرپختونخوا

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں بجلی سے متعلق عوامی مشکلات کا حل اولین ترجیح ہونی چاہیے، بجلی چوری کی روک تھام اور لائن لاسز میں کمی کیلئے مربوط حکمت عملی اپنانا ہوگی۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت صوبے میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے مسائل سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں چیف سیکرٹری ڈاکٹر فخر عالم عرفان، چیف پیسکو اختر حمید خان، چیف ٹیسکو زبیر خان کنڈی سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران گورنر کو صوبے میں بجلی کی لوڈشیڈنگ، لائن لاسز، بجلی کے بلوں کی ریکوری اور دیگر متعلقہ امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر بجلی کی لوڈشیڈنگ کے اسباب، درپیش مسائل اور ان کے ممکنہ حل پر بھی غور کیا گیا۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ٹرانسفارمر کی بنیاد پر لوڈشیڈنگ سے متعلقہ فیڈر کے دیگر صارفین متاثر نہیں ہوں گے۔ بجلی کے بل باقاعدگی سے ادا کرنے والے صارفین کو بجلی کی فراہمی یقینی بنانا ان کا بنیادی حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ جن فیڈرز پر بجلی کے بلوں کی ریکوری کم ہے، وہاں وصولیوں کو بہتر بنانے کیلئے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ سمارٹ ٹرانسفارمرز کی تنصیب سے بجلی چوری کی روک تھام میں نمایاں مدد مل سکتی ہے۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ بجلی چوری اور میٹرز میں ٹیمپرنگ کرنے والوں کے خلاف قانون سازی مزید سخت کرنے کی ضرورت ہے، جبکہ اس مقصد کیلئے متعلقہ محکموں پر مشتمل کمیٹیوں کو بھی فعال بنایا جائے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ عوام کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور بجلی چوری کی روک تھام سمیت لائن لاسز میں کمی کیلئے مؤثر اور مربوط حکمت عملی اختیار کی جائے۔