ساف چیمپئن شپ کے افتتاحی میچ میں بھارت نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2-3 سے شکست دے دی۔ پاکستان نے انجری ٹائم میں دو گول کرکے میچ میں واپسی کی بھرپور کوشش کی، تاہم بھارتی ٹیم اپنی برتری برقرار رکھنے میں کامیاب رہی۔
بنگلادیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں کھیلے گئے گروپ بی کے مقابلے میں بھارت نے ابتدا ہی سے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور پہلے ہاف میں تین گول اسکور کرکے پاکستان کو دباؤ میں ڈال دیا۔
بھارت کی جانب سے سہیل احمد بھٹ نے 14ویں منٹ میں پہلا گول کیا، جس کے صرف چھ منٹ بعد انہوں نے دوسرا گول بھی داغ دیا۔ منگلینتھنگ کیپگن نے 32ویں منٹ میں تیسرا گول کرکے بھارت کی برتری 3-0 کردی۔
پہلے ہاف کے اختتام سے قبل پاکستان کو پنالٹی کک ملی، تاہم شائیک دوست اس موقع سے فائدہ نہ اٹھا سکے اور ان کا شاٹ گول پوسٹ کے اوپر سے گزر گیا۔
دوسرے ہاف میں پاکستانی ٹیم نے گول کرنے کے لیے حملوں میں تیزی لائی، تاہم انجریز کے باعث ٹیم کو کھلاڑیوں کی تبدیلیاں بھی کرنا پڑیں۔
میچ کے انجری ٹائم میں پاکستان نے شاندار واپسی کی کوشش کی۔ انجری ٹائم کے دوسرے منٹ میں نجیب اللہ نے جنید شاہ کے کراس پر ہیڈر کے ذریعے پاکستان کا پہلا گول اسکور کیا، جبکہ دو منٹ بعد عالمگیر غازی نے میک کیل عبداللہ کے پاس پر شاندار اوورہیڈ کک لگاتے ہوئے اسکور 3-2 کردیا۔
پاکستانی کھلاڑیوں نے مقابلہ برابر کرنے کے لیے مزید حملے کیے، تاہم بھارتی دفاع نے کامیابی سے ان حملوں کو ناکام بنایا اور اپنی ٹیم کو فتح دلادی۔
پاکستان اپنا آخری گروپ میچ اتوار 8 نومبر کو دوپہر 2 بج کر 30 منٹ پر مالدیپ کے خلاف کھیلے گا۔ سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے پاکستان کو اس میچ میں مثبت نتیجہ حاصل کرنا ہوگا، کیونکہ ہر گروپ کی دو بہترین ٹیمیں اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی۔









