11

خیبرپختونخوا؛ بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ آئینی عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان

خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کے فیصلے کے خلاف لوکل کونسل ایسوسی ایشن نے آئینی عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

لوکل کونسل ایسوسی ایشن کے چیئرمین حمایت اللہ مایار نے کہا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 140 (اے) کو معطل کیے بغیر اس کی بنیاد پر بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنا آئین اور قانون کے منافی ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے صوبے کے 12 اضلاع میں ایمرجنسی کے نفاذ اور آرٹیکل 140 (اے) کی معطلی کو جواز بناتے ہوئے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم لوکل کونسل ایسوسی ایشن اس مؤقف کو تسلیم نہیں کرتی۔

حمایت اللہ مایار کا کہنا تھا کہ ماضی میں مارشل لا کے نفاذ اور آئین کی معطلی کے باوجود ملک میں بلدیاتی انتخابات منعقد ہوتے رہے ہیں۔ ایوب خان، جنرل ضیا الحق اور جنرل پرویز مشرف کے ادوار میں بھی بلدیاتی انتخابات کرائے گئے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی حکومتوں کے ادوار میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے گریز کیا جاتا رہا ہے۔ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) جیسی جمہوری جماعتیں بھی بلدیاتی انتخابات کرانے میں ناکام رہی ہیں۔

چیئرمین لوکل کونسل ایسوسی ایشن کے مطابق پنجاب میں 6 سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود بلدیاتی انتخابات نہیں ہوئے، سندھ میں بلدیاتی حکومتوں کی مدت میں توسیع کردی گئی جبکہ بلوچستان میں بھی انتخابات نہیں کرائے جا رہے۔

حمایت اللہ مایار نے بتایا کہ اس معاملے پر وکلا سے مشاورت مکمل کرلی گئی ہے اور الیکشن کمیشن کے فیصلے کو آئینی عدالت میں چیلنج کیا جائے گا۔