پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے افغانستان پریمیئر لیگ (اے پی ایل) میں شرکت کے خواہشمند پاکستانی کرکٹرز کو این او سی جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے اپنی پالیسی کے تحت قومی کرکٹرز کو افغانستان پریمیئر لیگ میں کھیلنے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں کی لیگ میں شرکت ممکن نہیں ہوگی۔
دوسری جانب سابق کپتان وسیم اکرم کو بھی افغانستان پریمیئر لیگ میں مینٹور کی حیثیت سے کام کرنے کی پیشکش کی گئی تھی، تاہم انہوں نے پی سی بی کی پالیسی کے خلاف نہ جانے کا فیصلہ کرتے ہوئے پیشکش قبول نہیں کی۔
ادھر سابق فاسٹ بولر محمد عامر افغانستان پریمیئر لیگ کا حصہ بن چکے ہیں۔ وہ برطانوی شہریت کے باعث لیگ میں شرکت کر رہے ہیں۔
پی سی بی کے اس فیصلے کے بعد افغانستان پریمیئر لیگ میں پاکستانی کرکٹرز کی شمولیت کے حوالے سے صورتحال واضح ہوگئی ہے۔









