6

خیبرپختونخوا میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آگیا

خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آگیا، جس کے بعد پاکستان میں رواں سال رپورٹ ہونے والے پولیو کیسز کی تعداد 9 ہوگئی ہے۔

نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (نیشنل ای او سی) کے مطابق یکم نومبر کو ضلع خیبر سے ایک پولیو کیس رپورٹ ہوا تھا، جبکہ اب 4 روز بعد اسی ضلع سے ایک اور کیس سامنے آیا ہے۔

حکام کے مطابق رواں سال ملک بھر میں رپورٹ ہونے والے 9 پولیو کیسز میں سے 7 کا تعلق خیبر پختونخوا جبکہ 2 کا تعلق سندھ سے ہے۔

نئے پولیو کیس کا انکشاف وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت انسداد پولیو سے متعلق جائزہ اجلاس میں کیا گیا، جہاں وزیراعظم کو ملک میں پولیو کی تازہ صورتحال اور وائرس کے خاتمے کیلئے جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ خیبر پختونخوا میں ضلع خیبر اور بنوں سے تین، تین جبکہ شمالی وزیرستان سے ایک پولیو کیس رپورٹ ہوا ہے۔ ضلع خیبر میں سامنے آنے والے تمام کیسز کا تعلق افغانستان میں موجود پولیو وائرس سے بتایا گیا ہے۔

بریفنگ کے مطابق سندھ میں کراچی شرقی اور سجاول سے ایک، ایک کیس رپورٹ ہوا ہے، جبکہ افغانستان سے آمد و رفت کو پاکستان میں پولیو وائرس کے پھیلاؤ کی اہم وجوہات میں شامل قرار دیا گیا۔

حکام نے بتایا کہ پنجاب میں فروری 2025 کے بعد سے پولیو کا کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا، جبکہ بلوچستان میں بھی 2025 اور 2026 کے دوران کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان بھی پولیو سے پاک ہیں۔

پولیو کے خاتمے کیلئے بھرپور اقدامات کی ہدایت

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں پولیو کے نئے کیسز سامنے آنے پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ پولیو سے پاک پاکستان کا حصول ایک بڑا چیلنج ہے، تاہم حکومت کا عزم اس چیلنج سے کہیں زیادہ مضبوط ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ صوبوں اور تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے ملک سے پولیو کا مکمل خاتمہ یقینی بنانا ہوگا۔

انہوں نے انسداد پولیو مہمات کے دوران فرنٹ لائن ورکرز کی حفاظت اور انہیں متاثرہ علاقوں تک رسائی فراہم کرنے کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیا۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ معمول کے حفاظتی ٹیکہ جات اور خصوصی طور پر پولیو سے متاثرہ علاقوں میں ویکسین کی کوریج مزید بہتر بنائی جائے۔

انہوں نے وفاقی وزیر صحت، وزیر مملکت، سیکرٹری قومی صحت اور انسداد پولیو ٹیم کے ارکان کو چاروں صوبوں کے فوری دورے کرنے اور وزرائے اعلیٰ و چیف سیکرٹریز سے ملاقاتیں کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔

وزیراعظم نے انسداد پولیو مہم میں حصہ لینے والے ورکرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے وائرس کے مکمل خاتمے کیلئے مزید مؤثر اور مربوط اقدامات کرنے پر زور دیا۔