99

ُنوجوان پی ٹی آئی کی کامیابی کی ضمانت ہیں ‘ پرویز خٹک 

پشاور۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے کارکن قومی خدمت کے جذبے سے سرشار ہیں اور نہ صرف پارٹی بلکہ پوری قوم کا قابل فخر سرمایہ ہیں۔انہوں نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ پی ٹی آئی کی حالیہ ممبر شپ مہم میں بھر پور حصہ لیں اور عمران خان کی تبدیلی کا پیغام گھر گھر پہنچائیں جسے سننے کیلئے گلی محلہ پر لوگ بے تاب ہیں۔

انہوں نے کہاکہ حالیہ عام انتخابات میں نوجوان کارکنوں بالخصوص خواتین ورکرز کو کھل کر سامنے آنا ہوگا کیونکہ انتخابی معرکے قومی جذبے کے ساتھ ساتھ سرگرم کارکنوں کی محنت کی بدولت جیتے جاتے ہیں پی ٹی آئی کی حالیہ ممبر شپ مہم انتخابی عمل میں کامیابی کی کلید ثابت ہو گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی ٹاؤن لیڈیز کلب اور رنگ روڈ کے مختلف چوراہوں اور مقامات پر پارٹی کی ممبر شپ مہم کی افتتاحی تقاریب سے خطاب کے دوران کیا۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے ان تقاریب اور اجتماعات میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی جن میں پشاور کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی ، صوبائی وزراء، سینٹرز اور بلدیاتی نمائندوں کے علاوہ پارٹی ورکرز اور عام نوجوانوں نے پورے جوش و جذبے سے شرکت کی ۔پرویز خٹک نے کہا کہ خواتین کی سوچ ہمیشہ سے تعمیر و ترقی کی سوچ رہی ہے اور ماں ، بہن ، بیٹی کی حیثیت سے انہوں نے اسلام کی نشاۃ ثانیہ سے لیکر تحریک پاکستان میں کلیدی کردار ادا کیا اور عوام کا جذبہ بڑھایا ہے۔

انہوں نے کہاکہ حالیہ انتخابات کرپٹ حکمرانوں سے نجات کیلئے فیصلہ کن اہمیت اختیار کرچکے ہیں جس میں نوجوانوں اور خواتین کارکنوں کو پوری تندہی سے حصہ لینا ہو گاتب کہیں جا کر قوم کو سیاسی مافیا سے نجات دلائی جا سکتی ہے اور ملک و قوم کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے عمران خان کو اقتدار کے ایوانوں میں لایا جا سکتا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی مثالی حکومت قائم کی گئی جس سے پورے ملک میں تبدیلی کی داغ بیل ڈال دی گئی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ آج پی ٹی آئی کے کارکن پورے فخر کے ساتھ خیبرپختونخوا میں اپنی صوبائی حکومت کی مثال دے سکتے ہیں جس میں تعلیم و صحت اور پولیس سمیت تمام شعبوں کی کایا پلٹ دی گئی ہے اور سرکاری اہلکار حکمرانوں کی غلامی کی بجائے حقیقی معنوں میں عوام کے خادم بنا دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ اصلاحات اور اقدامات تبدیلی کے سفرکا نقطہ آغازہیں تاہم عوام کی خوشحالی بالخصوص غریب لوگوں کو حقیقی ریلیف کی فراہمی کیلئے ہمیں بہت کچھ کرنا باقی ہے جس میں حالیہ انتخابات کافی اہمیت اختیار کر چکے ہیں انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ کارکن ممبر شپ مہم کو ہر لحاظ سے کامیاب بنائیں گے۔