اسلام آباد ۔ وز یرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان کی خواتین نے زندگی کے ہر شعبے میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتیوں کا لوہا منوایا ہے،حکومت کی جانب سے خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لئے متعدد قانونی اور انتظامیاقدامات اٹھائے گئے ہیں،آج بھی خواتین کو مختلف چینلنجز درپیش ہیں۔یہ مسائل ہماری مشترکہ کوششوں سے حل ہوں گے، ہم انفرادی اور اجتماعی طور پر خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے اپنی تمام تر کوششیں بھرپور انداز میں جاری رکھیں گے۔
جمعرات کو خواتین کے عالمی دن کے موقع پر وزیر اعظم آفس میں تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیر اعظم سمیت زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی خواتین نے شرکت کی ۔ تقریب سے وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی دن کے موقع پرملک بھر کی خواتین کو سماجی، سیاسی، معاشی اور زندگی کے دیگر شعبہ جات میں حاصل ہونے والی کامیابیوں پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
آج کا دن اس عزم کی تجدید کا موقع ہے کہ ہم انفرادی اور اجتماعی طور پر اپنی تمام تر کوششیں بھرپور انداز میں جاری رکھیں گے تاکہ جہاں ہماری خواتین کے سماجی، معاشی، معاشرتی اور سیاسی حقوق کا تحفظ ہو سکے وہاں ان کو زندگی کے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتیوں کے مطابق آگے بڑھنے کے موقع میسر آسکیں۔ انہوں نے کہا مجھے یہ بات کہتے ہوئے بھی بے حد فخر محسوس ہوتا ہے کہ پاکستان کی خواتین نے زندگی کے ہر شعبے میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتیوں کا لوہا منوایا ہے۔ اگر کسی نے پائلٹ بن کر اور فضا کی بلندیوں میں پہنچ کر اپنی قابلیت کا لوہا منوایا ہے تو کسی نے قلم کی طاقت سے اپنا اور ملک کا نام سربلند کیا ہے۔
حکومتی ادارے ہوں یا پرائیویٹ سیکٹر، ہر سطح پر پاکستانی خواتین نے اپنی قابلیت اور محنت سے اپنا مقام پیدا کیا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا پارلیمنٹ، حکومتی اداروں بشمول مختلف وزارتوں اور تعلیم و صحت کے میدان میں خواتین کی خدمات و کارکردگی پر خراجِ تحسین پیش کرتی ہے ،حکومتِ پاکستان کی جانب سے خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لئے متعدد قانونی اور انتظامیاقدامات اٹھائے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا خواتین کے حقوق کے تحفظ کے سلسلے میں پارلیمنٹ، حکومتی اداروں، سول سوسائٹی اور میڈیا کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہو ں آج بھی خواتین کو مختلف چینلنجز درپیش ہیں۔یہ مسائل ہماری مشترکہ کوششوں سے حل ہوں گے،آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا ہے کہ ہم انفرادی اور اجتماعی طور پرخواتین کے حقوق کے تحفظ، انکو معاشی، سیاسی اور معاشرتی طور پر بااختیار بنانے اور انکو ترقی کے لئے سازگار فضا فراہم کرنے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ حکومت کی جانب سے خواتین کے حقوق اور انکو ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے لئے ہر ممکنہ قدم اٹھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔
141









