118

نگران حکومت کا پیٹرولیم کے اسٹریٹیجک ذخائر سے متعلق اہم فیصلہ

نگران وفاقی حکومت نے پیٹرولیم کے اسٹریٹیجک ذخائر بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نگران حکومت نے پیٹرولیم کے اسٹریٹیجک ذخائر بڑھانے کا فیصلہ مشرق وسطی کی صورتحال کے باعث کیا گیا ہے، اسٹریٹیجک پیٹرولیم ذخائرپی ایس او کے ذریعے رکھے جائیں گے۔

رپورٹ میں پیٹرولیم ڈویژن کے ذرائع  کے حوالے سے لکھا گیا ہے کہ فیول اسٹوریج صلاحیت کو بڑھانے کی فوری ضرورت ہے، ذرائع کے مطابق پیٹرولیم کمپنیوں کو21 دن کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کا ذخیرہ رکھنا ہوتا ہے، حکومت چاہتی ہے اسٹریٹیجک پیٹرولیم ذخائر کم ازکم تین ماہ کی مدت کیلئے ہونا چاہیے، تاہم حتمی ذخائر اور مدت کا تعین صرف ملکی ضروریات کا بغور جائزہ لینے کے بعد لگایا جا سکتا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے اسٹریٹیجک پیٹرولیم ذخائر کیلئے فریم ورک تیار کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے اور اوگرا عالمی ماہرین کی مدد سے نیا فریم ورک فوری طور پر تیار کرے گا۔ نئے فریم ورک میں ملکی خام تیل، ریفائنڈ پیٹرولیم ضروریات اور سٹوریج کا تعین کیا جائے گا، نیا فریم ورک مختلف مصنوعات کے اسٹریٹیجک پیٹرولیم ذخائر کی مدت کا بھی تعین کرے گا۔