وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے وفاقی کابینہ میں رد و بدل سے متعلق زیرگردش فہرست کو جعلی قرار دے دیا۔
سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد میں اس بات کی تصدیق کرسکتا ہوں کہ سوشل میڈیا میں گردش کرنے والی کابینہ میں تبدیلیوں کی فہرست مکمل طور پر جعلی ہے اور اس میں کوئی سچائی نہیں۔
![]()
After meeting the PM just now I can confirm that a list of cabinet changes being circulated on SM is totally false and there is no truth in it. Our adversaries continue to indulge in fake messages to create divisions in the party. But that is not going to happen.
186 people are talking about this
انہوں نے لکھا کہ ہمارے مخالفین پارٹی میں تفریق پیدا کرنے کے لیے جعلی پیغامات پھیلا رہے ہیں لیکن ایسا ہونے والا نہیں ہے۔
خیال رہے گزشتہ دنوں یہ خبریں زیرگردش تھیں وزیراعظم عمران خان نے وزرا کی جانب سے عدم تعاون کی شکایت پر وفاقی کابینہ میں ایک مرتبہ پھر رد و بدل کا عندیہ دیا۔ علاوہ ازیں پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا تھا کہ وزیراعظم نے انہیں کابینہ میں واپسی کا عندیہ دیا ہے۔
اسد عمر نے مزید کہا تھا کہ ’جب میں نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ میرے پاس بہت وقت ہے لیکن کوئی کام نہیں ہے تو انہوں نے کہا کہ مجھے بہت جلد نئی ذمہ داری دی جائے گی'۔ تاہم انہوں نے کہا تھا کہ اجلاس کے دوران وزیراعظم کی جانب سے کابینہ میں کسی خاص تبدیلی کا اعلان نہیں کیا گیا۔
اس تمام معاملے پر ذرائع نے بتایا تھا کہ ایک رکن قومی اسمبلی نے شکایت کی تھی کہ وزرا نے عوام کے مسائل سے متعلق ان کی شکایت نہیں سنی جس پر وزیراعظم نے عدم اطمینان کا اظہار کیا کہ اور کہا کہ ’ جو لوگ کام نہیں کریں گے انہیں عہدے سے ہٹادیا جائے گا‘۔
علاوہ ازیں اسد عمر نے بھی تصدیق کی کہ پی ٹی آئی کے بعض رہنماؤں نے کچھ وفاقی وزرا کی جانب سے عدم تعاون کی شکایت کی تھی۔ تاہم ذرائع ابلاغ میں یہ رپورٹس زیر گردش تھیں کہ وفاقی کابینہ میں شفقت محمود، زبیدہ جلال، اعجاز شاہ، فواد چوہدری، فردوس عاشق اعوان اور ندیم افضل چن کے قلمدان تبدیل ہوسکتے ہیں۔










