4

پاکستان ریلوے میں گریڈ 1 تا 16 کی خالی آسامیوں پر بھرتیوں کی منظوری

پاکستان ریلویز میں بلوچستان کوٹا کے تحت گریڈ 1 سے 16 تک خالی آسامیوں پر بھرتیوں کی منظوری دے دی گئی ہے، جن میں کوئٹہ ڈویژن کیلئے 805 اور ہیڈ کوارٹرز کیلئے 24 آسامیاں شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بھرتیوں کے تحت بلوچ خواتین کیلئے 10 فیصد جبکہ اقلیتوں کیلئے 5 فیصد کوٹا مختص کیا گیا ہے۔ مخصوص بھرتیوں میں تحریری اور اسکریننگ ٹیسٹ سے خصوصی استثنیٰ کی بھی منظوری دی گئی ہے۔

خالی آسامیوں پر بھرتی کیلئے نیشنل جاب پورٹل کے ذریعے آن لائن درخواستیں طلب کرلی گئی ہیں۔ امیدوار 11 نومبر 2026 تک درخواستیں جمع کراسکیں گے۔

درخواست کیلئے ضروری دستاویزات

امیدواروں کو درخواست کے ساتھ تعلیمی اسناد، قومی شناختی کارڈ، ڈومیسائل، کریکٹر سرٹیفکیٹ اور پاسپورٹ سائز تصاویر جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

حکام کے مطابق بلوچستان کوٹا کے تحت بھرتیوں کا عمل 30 نومبر 2026 سے قبل مکمل کیا جائے گا۔

میرٹ اور شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت

وزیر ریلوے نے بھرتیوں کے عمل میں میرٹ اور شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ اس اقدام کے تحت بلوچستان کوٹے سے متعلق خالی آسامیوں کو پُر کرنے کا عمل آگے بڑھایا جائے گا۔

ملازمتوں کے خواہشمند امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ تک اپنی درخواستیں جمع کرائیں اور مطلوبہ دستاویزات مکمل رکھیں۔