اسلام آباد : آمدن سے زائد اثاثوں میں قومی احتساب بیورو (نیب) کے زیر حراست پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کی طبیعت ناساز ہونے پر انہیں مقامی ہسپتال کے امراض قلب وارڈ میں منتقل کردیا گیا۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ خورشید شاہ کی طبیعت خراب ہونے پر انہیں اسلام آباد کے پولی کلینک اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹر معائنہ کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز نیب کی مشترکہ ٹیم نے آمدن سے زائد اثاثے سے متعلق کیس میں خورشید شاہ کو بنی گالہ میں قائم ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا تھا۔
نیب ذرائع نے بتایا تھا کہ پی پی پی کے رہنما کے خلاف نیب میں 3 تحقیقات چل رہی ہیں اور ان کے خلاف تمام الزامات ٹھوس تھے، جس کی بنیاد پر انہیں گرفتار کیا گیا۔ خورشید شاہ نے نیب کی جانب سے عائد الزامات مسترد کیے تھے۔









