10

نئے صوبوں کے قیام کا فیصلہ تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر کیا جائے: گورنر پنجاب

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام جیسے حساس معاملے پر کوئی بھی فیصلہ جلد بازی میں کرنے کے بجائے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینا ضروری ہے۔ اس حوالے سے فاٹا کے خیبرپختونخوا میں انضمام کے نتائج سے بھی سبق سیکھنا چاہیے۔

اٹک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار سلیم حیدر نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام اور ریفرنڈم کے معاملے پر حکومتی اتحادی جماعتوں کے درمیان کوئی اختلاف نہیں ہے، تاہم مسلم لیگ (ن) اپنے آئینی مؤقف جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے جماعتی منشور کے مطابق اس معاملے کو دیکھ رہی ہے۔

گورنر پنجاب نے سندھ کی سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سندھ اسمبلی عوام کے حقیقی ووٹوں سے منتخب ہوئی ہے، یہ فارم 47 کی اسمبلی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں دو تہائی اکثریت سے نئے صوبوں کے قیام کے خلاف قرارداد پہلے ہی منظور کی جاچکی ہے، لہٰذا اسمبلی کے اس جمہوری اور عوامی فیصلے کا ہر صورت احترام کیا جانا چاہیے۔

سردار سلیم حیدر کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے قیام کا معاملہ انتہائی حساس ہے اور اس حوالے سے کسی بھی پیش رفت سے قبل تمام سیاسی، آئینی اور انتظامی پہلوؤں کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فاٹا کا خیبرپختونخوا میں انضمام ایک اہم تجربہ تھا، اس کے نتائج کو سامنے رکھتے ہوئے مستقبل کے فیصلے کیے جانے چاہئیں تاکہ کسی بھی ممکنہ انتظامی تبدیلی کے اثرات کا درست اندازہ لگایا جاسکے۔