پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 12ویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب اور پہلا میچ پشاور میں منعقد کیا جائے گا۔
پشاور میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ آئندہ سال مارچ میں ہونے والی پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب بھی پشاور میں ہوگی اور ایونٹ کا پہلا میچ بھی یہیں کھیلا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پشاور میں صرف ایک میچ نہیں بلکہ مزید مقابلے بھی منعقد کیے جائیں گے، جن کی تاریخوں اور دیگر تفصیلات کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی کی بھی پہلے دن سے خواہش تھی کہ پی ایس ایل کے میچز پشاور میں ہوں، جبکہ گورنر خیبرپختونخوا بھی صوبے میں کرکٹ کی بحالی کے لیے مسلسل بات کرتے رہے ہیں۔
محسن نقوی نے خیبرپختونخوا اور پشاور کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اگر ٹکٹوں کی فروخت کا اعلان کردیا جائے تو انہیں توقع ہے کہ ایک ہی دن میں تمام ٹکٹ فروخت ہوجائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پشاور میں کرکٹ کی بحالی کے لیے تفصیلی کام کیا گیا ہے اور اس حوالے سے مزید اعلانات بھی جلد کیے جائیں گے۔
پشاور میں آتش بازی اور کرکٹ ٹورنامنٹ کا اعلان
محسن نقوی نے بتایا کہ 31 دسمبر کو پشاور میں آتش بازی کا اہتمام بھی کیا جائے گا، جبکہ جنوری میں تین ٹیموں پر مشتمل کرکٹ ٹورنامنٹ منعقد کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا نے پاکستان کو بہترین کرکٹ اسٹارز دیے ہیں اور امید ہے کہ صوبے میں کرکٹ کے فروغ سے مزید باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئیں گے۔
گزشتہ سال پشاور میں میچز نہ کرانے سے متعلق سوال پر چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ گزشتہ سال بھی پشاور میں میچ کرانے کی بھرپور کوشش کی گئی تھی، تاہم اس وقت کئی وجوہات کی بنا پر ایسا ممکن نہیں ہوسکا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس فیصلے کے پیچھے کوئی سیاسی وجہ نہیں تھی۔
قبائلی اضلاع میں کرکٹ اکیڈمی قائم کرنے کا فیصلہ
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ قبائلی اضلاع کے لیے الگ کرکٹ اکیڈمی قائم کی جا رہی ہے، جس کے مقام سے متعلق کام جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آئندہ 15 روز میں اکیڈمی کے مقام کو حتمی شکل دے کر اس کا باقاعدہ اعلان کردیا جائے گا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ قبائلی اضلاع بھی پی سی بی کے لیے انتہائی اہمیت رکھتے ہیں اور جس طرح خیبرپختونخوا کے دیگر علاقوں میں کرکٹ کے فروغ کے لیے کام کیا جا رہا ہے، اسی طرح ان علاقوں میں بھی بھرپور توجہ دی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور قومی کرکٹ ٹیم کی طاقت میں اس صوبے کے کھلاڑیوں کا اہم حصہ ہے۔ ٹیم کے ہر دوسرے یا تیسرے کھلاڑی کا تعلق خیبرپختونخوا سے ہے۔
چیئرمین پی سی بی کے مطابق صوبے میں کرکٹ کو مزید فروغ دینے اور نئے کھلاڑیوں کو آگے لانے کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔









