11

امریکا کا ایران پر ڈرٹی بم حملے کا الزام جنگ کا نیا بہانہ ہے: تہران

ایران نے امریکا کی جانب سے واشنگٹن میں ڈرٹی بم حملے کی مبینہ منصوبہ بندی کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے اسے ایران کے خلاف جنگ کا جواز پیدا کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے تسنیم نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا نے جوہری ہتھیاروں سے متعلق بے بنیاد الزامات کے بعد اب ایران پر ڈرٹی بم حملے کی منصوبہ بندی کا نیا الزام عائد کرنا شروع کردیا ہے۔

اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ ایسے الزامات کا مقصد امریکی حکومت کو ایران کے خلاف غیر قانونی جنگ شروع کرنے کے حوالے سے عوامی احتساب سے بچانا ہے۔

امریکا کا ایران پر نیا الزام

واضح رہے کہ امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ امریکی خفیہ اداروں کو ایسی معلومات ملی ہیں جن کے مطابق ایران واشنگٹن میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام کو نشانہ بنانے کی ممکنہ منصوبہ بندی کر رہا ہے۔

رپورٹ میں 7 امریکی حکام کے حوالے سے بتایا گیا تھا کہ مبینہ منصوبے میں تابکار مواد سے تیار کردہ ڈرٹی بم یا کیمیائی ہتھیار استعمال کیے جانے کا امکان بھی شامل ہے۔

سی این این کے مطابق امریکی حکام کے درمیان اس بات پر اختلاف پایا جاتا ہے کہ آیا ایران کے پاس ایسا حملہ کرنے کی صلاحیت موجود ہے یا وہ واقعی اس کا ارادہ رکھتا ہے۔

دوسری جانب وائٹ ہاؤس نے کہا تھا کہ ممکنہ خطرات کی نگرانی کی جا رہی ہے، تاہم اس وقت امریکا کو کوئی قابلِ اعتبار خطرہ درپیش نہیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھی واشنگٹن پر کسی فوری حملے کے خطرے کی تصدیق نہیں کی تھی۔

ایرانی حکام نے امریکی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ایسے بیانات کے ذریعے ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائیوں کے لیے جواز پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔