12

پاکستان اور عمان میں تجارتی و سرمایہ کاری تعاون بڑھانے پر اتفاق

وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک نے عمان کے وزیر برائے تجارت، صنعت و سرمایہ کاری سے اہم ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے تجارت اور سرمایہ کاری کے مشترکہ ورکنگ گروپ کو مؤثر انداز میں فعال بنانے پر اتفاق کیا، جبکہ پاکستانی اور عمانی کاروباری شخصیات اور شہریوں کو درپیش ویزا مسائل کے فوری حل کے لیے متعلقہ وزارتوں سے رجوع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے عمانی ہم منصب کو قومی دن کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ملک کی امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان اور عمان کے درمیان خوشگوار برادرانہ تعلقات اور جغرافیائی قربت اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آٹھویں پاکستان عمان مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس میں طے پانے والا جامع پروٹوکول دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کے لیے ایک مؤثر روڈ میپ ہے۔

وفاقی وزیر نے زور دیا کہ دونوں ممالک کے تاجروں اور کاروباری شخصیات کے درمیان روابط کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے تاکہ اقتصادی تعاون کو صرف توانائی کے شعبے تک محدود رکھنے کے بجائے دیگر شعبوں تک بھی وسعت دی جاسکے۔

دوسری جانب عمانی وزیر تجارت نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی خرید و فروخت سے متعلق معاہدہ پاکستان اور عمان کے درمیان طویل المدتی اور باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ دونوں ممالک تجارتی روابط کو مزید مستحکم بنانے، سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے اور کاروباری برادری کو درپیش مسائل حل کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔