12

پاکستان گزشتہ پچھتر برسوں کی سب سے زیادہ لچکدار ریاست ہے، آبادی میں سات گنا اضافہ اور دباؤ کے باوجود معاشی ترقی ہوئی: چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال

چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) راشد لنگڑیال نے کہا ہے کہ انیس سو پچاس (1950) سے لے کر اب تک پاکستان کی آبادی تین کروڑ ساٹھ لاکھ سے بڑھ کر پچیس کروڑ نوے لاکھ تک پہنچ چکی ہے، جو کہ سات گنا سے بھی زیادہ کا نمایاں اضافہ ہے، اور پاکستان نے دنیا کے انتہائی مشکل ترین خطوں میں سے ایک میں رہ کر اس آبادیاتی دباؤ کو کامیابی سے برداشت کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک تفصیلی بیان میں چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ اگر پوری دنیا کی آبادی بھی اسی شرح سے بڑھتی تو آج دنیا میں آٹھ اعشاریہ تین ارب کے بجائے اٹھارہ ارب افراد ہوتے۔ اسی نسبت سے اگر دیکھا جائے تو چین کی آبادی ایک اعشاریہ چار ارب کے بجائے چار ارب، یورپ کی آبادی چون کروڑ کے بجائے دو اعشاریہ آٹھ ارب اور جاپان کی آبادی بارہ کروڑ سے بڑھ کر باسٹھ کروڑ پچاس لاکھ ہو چکی ہوتی۔

راشد لنگڑیال نے ملک کو درپیش چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے مشرق میں تقریباً چھ گنا زیادہ آبادی اور نو گنا بڑی معیشت رکھنے والا روایتی حریف ملک موجود ہے، جبکہ مغرب میں افغانستان کی صورت میں ایسا ہمسایہ ہے جو چار دہائیوں تک گریٹ گیم سے لے کر سوویت اور امریکی جنگوں کا میدانِ جنگ بنا رہا، اور اس دوران تیس لاکھ سے زائد افغان مہاجرین نے بھی پاکستان میں پناہ لی۔ انہوں نے مؤقف اپنایا کہ دنیا میں بہت کم ایسے معاشرے ملیں گے جنہوں نے اس قدر شدید دباؤ کا مقابلہ کیا ہو، کیونکہ تیزی سے ترقی کرنے والی بڑی معیشتوں میں سے بیشتر یا تو خانہ جنگی کا شکار ہو گئیں یا ریاستی انہدام سے دوچار ہوئیں، جبکہ باقی زیادہ تر ممالک غریب ہی رہ گئے۔

چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ اس خطے اور حالات میں صرف تیل کی دولت سے مالامال سعودی عرب اور عراق ہی ایسے ممالک ہیں جنہوں نے مجموعی کارکردگی کے لحاظ سے پاکستان سے بہتر کارکردگی دکھائی، جبکہ پاکستان کے پاس قدرتی تیل کی دولت موجود نہیں تھی، اس کے باوجود ملک میں فی کس حقیقی آمدنی میں پانچ اعشاریہ چار (5.4) گنا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جو کہ عالمی اوسط شرح سے بھی زیادہ ہے۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان کو ناکام ریاست قرار دینے والوں کو تاریخ اور حقائق کا ریکارڈ ضرور دیکھنا چاہیے، اور حقیقت یہ ہے کہ پاکستان گزشتہ پچھتر برسوں کی تاریخ میں دنیا کی سب سے زیادہ لچکدار اور مضبوط ریاست ثابت ہوئی ہے۔