تربیلا ڈیم کے توسیعی پن بجلی منصوبے ٹی فائیو میں کنیکٹنگ ٹنل کے سیکنڈ بنچ کی کھدائی کے دوران چٹان کا کمزور حصہ گرنے سے پانی ان ٹیک پٹ کے ذریعے ٹنل اور زیر تعمیر پاور ہاؤس میں داخل ہوگیا۔
ڈپٹی کمشنر ہری پور کے مطابق ٹی فائیو کے بند کا ایک حصہ ٹوٹنے کے باعث ٹنل نمبر 5 میں پانی بھرنا شروع ہوگیا، تاہم منصوبے پر کام کرنے والے تمام غیر ملکی اور پاکستانی ورکرز کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔
دوسری جانب واپڈا کے ترجمان نے تربیلا ڈیم کی ٹنل نمبر 5 منہدم ہونے کی اطلاعات کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان ٹیک پٹ سے پانی مکمل طور پر نکال لیا گیا ہے، جبکہ زیر تعمیر پاور ہاؤس سے پانی نکالنے کا عمل جاری ہے۔
ترجمان واپڈا کے مطابق منصوبے کی مین ٹنل، زیر تعمیر پاور ہاؤس، ٹیل ریس کلورٹ اور سوئچ یارڈ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ واقعے کے بعد توسیعی پن بجلی منصوبے پر کام روک دیا گیا ہے۔
واپڈا کے سینئر افسران، کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ حادثے کی وجوہات اور نقصانات کا تعین کیا جا سکے۔
ادھر دریائے سندھ میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کے خدشے کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے الرٹ جاری کردیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر ہری پور کے مطابق آئندہ 2 سے 3 روز کے دوران دریائے سندھ میں پانی کا بہاؤ بڑھنے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر دریا کے کنارے آباد شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے مال مویشیوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کریں اور دریا کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔









