16

جاپان میں7۔5شدت کا زلزلہ،کئی دکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے

وسطی جاپان میں 5.7 شدت کے زلزلے کے جھٹکوں سے مختلف علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، زلزلے کے نتیجے میں 20 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے کے باعث متعدد دکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ شہری خوفزدہ ہوکر اپنی جانیں بچانے کے لیے عمارتوں سے باہر نکل آئے۔

جاپانی محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلہ اتوار کی رات مقامی وقت کے مطابق ایک بج کر 4 منٹ پر مغربی شیزوکا پریفیکچر میں آیا، جس کی شدت 5.7 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی تقریباً 40 کلومیٹر تھی۔

خبر رساں ادارے کیوڈو کے مطابق زلزلے کے باعث آئچی اور شیزوکا پریفیکچرز میں 20 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ حکام نے مختلف علاقوں میں نقصانات اور زخمیوں کی اطلاعات کی تصدیق کی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے کے بعد سونامی کی کوئی وارننگ جاری نہیں کی گئی۔

دوسری جانب جاپانی محکمہ موسمیات نے شہریوں کو آئندہ ایک ہفتے کے دوران ممکنہ شدید زلزلوں کے حوالے سے محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔ حکام کے مطابق اگلے 2 سے 3 روز کے دوران مزید طاقتور جھٹکے محسوس ہونے کا خدشہ ہے۔