5

سیالکوٹ واقعے میں جاں بحق نوجوان کے بہنوئی کو مبینہ دھمکیاں دینے پر ٹک ٹاکر مسٹر پتلو گرفتار

سیالکوٹ: پولیس نے مہندی کی تقریب میں بھگدڑ کے باعث دو افراد کی ہلاکت کے مقدمے میں نامزد ٹک ٹاکر انصر جٹ المعروف مسٹر پتلو کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق مسٹر پتلو کی مہندی کی تقریب کے دوران بدانتظامی اور بھگدڑ مچنے سے دو افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔

واقعے کے بعد جاں بحق ہونے والے نوجوان ریحان کے بہنوئی کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس میں مسٹر پتلو اور ان کے بھائی کاشف بشیر کو نامزد کیا گیا ہے۔

مقدمے کے مدعی کی جانب سے الزام عائد کیا گیا تھا کہ نامزد ملزمان انہیں اور ان کے اہلخانہ کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ اس حوالے سے مدعی نے پولیس کو درخواست بھی دی تھی۔

پولیس کے مطابق مسٹر پتلو اس سے قبل بھی مقدمے میں نامزد تھے اور ان کے خلاف مختلف قانونی دفعات کے تحت کارروائی جاری تھی۔ وہ مقدمے میں عبوری ضمانت پر تھے۔

واضح رہے کہ مہندی کی تقریب میں بھگدڑ کے دوران دو افراد کی ہلاکت اور متعدد افراد کے زخمی ہونے کا واقعہ پیش آیا تھا، جس کے بعد واقعے کی قانونی کارروائی شروع کی گئی تھی۔