ملک کے دو اہم حلقوں، گوجرانوالہ کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 77 اور ساہیوال کے صوبائی اسمبلی کے حلقے پی پی 203 میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ آج ہو گی، جس کے تمام انتظامات اور پولنگ کے سامان کی ترسیل مکمل کر لی گئی ہے۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی کا یہ حلقہ (این اے 77) مسلم لیگ (ن) کے رہنما محمود بشیر ورک جبکہ صوبائی اسمبلی کا حلقہ (پی پی 203) حنیف جٹ کے انتقال کے باعث خالی ہوا تھا۔
انتخابات کے دوران ضابطۂ اخلاق کی سختی سے پابندی کرانے کے سلسلے میں الیکشن کمیشن نے گوجرانوالہ کے حلقہ این اے 77 کی انتخابی مہم میں شرکت اور ضابطۂ اخلاق کی مبینہ خلاف ورزی پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے انہیں آج دن گیارہ بجے ذاتی حیثیت میں پیش ہو کر اس معاملے پر وضاحت دینے کی ہدایت کی ہے۔









