پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ صنم جاوید نے شوہر عتیق ریاض سے خلع لینے کے لیے فیملی کورٹ میں دعویٰ دائر کردیا۔
درخواست کے مطابق صنم جاوید اور ان کے شوہر کے درمیان ذہنی ہم آہنگی نہ ہونے کے باعث اختلافات اور غلط فہمیاں پیدا ہوئیں، جو وقت کے ساتھ بڑھتی چلی گئیں۔
دعوے میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ صنم جاوید کے دل میں ازدواجی رشتے کے لیے شدید بیزاری پیدا ہوچکی ہے اور وہ شوہر کے ساتھ مزید زندگی گزارنے پر آمادہ نہیں ہیں۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ کی مقرر کردہ حدود کے اندر رہتے ہوئے اپنے شوہر کے ساتھ ازدواجی زندگی جاری نہیں رکھ سکتیں، لہٰذا عدالت خلع کی ڈگری جاری کرے۔
عدالتی دستاویزات کے مطابق صنم جاوید اور عتیق ریاض کا نکاح 22 ستمبر 2009 کو ہوا تھا اور دونوں کے دو بچے ہیں۔
بیرسٹر خدیجہ صدیقی کے توسط سے دائر دعوے میں عدالت سے خلع کی ڈگری جاری کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
فیملی کورٹ نے دعوے پر کارروائی کرتے ہوئے صنم جاوید کے شوہر عتیق ریاض کو نوٹس جاری کردیا اور 25 نومبر کو جواب طلب کرلیا۔
واضح رہے کہ صنم جاوید 9 مئی کے مقدمے میں کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں۔ لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے انہیں 11 اگست 2025 کو پانچ سال قید کی سزا سنائی تھی۔
دوسری جانب ان کے شوہر عتیق ریاض بھی مختلف مقدمات میں ضمانت پر رہا ہیں۔ انہیں 28 اگست کو کوٹ لکھپت جیل کے قریب سے حراست میں لے کر عظمیٰ بخاری جعلی ویڈیو اسکینڈل کے مقدمے میں گرفتار ظاہر کیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں وہ ضمانت پر رہا ہوگئے تھے۔









