18

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکی اپنے دورے کے دوران سیکیورٹی کے نام پر دکانیں بند نہ کرانےکا حکم

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے سرکاری دوروں کے دوران مارکیٹیں، دکانیں اور کاروباری مراکز بند نہ کرانے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

وزیراعلیٰ کی جانب سے تمام ریجنل پولیس افسران (آر پی اوز)، ڈسٹرکٹ پولیس افسران (ڈی پی اوز)، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو نئی ہدایات جاری کی گئی ہیں، جن میں واضح کیا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ کے دورے کی وجہ سے کسی بھی کاروباری سرگرمی کو بند نہیں کیا جائے گا۔

جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ کے دورے کے دوران کسی مارکیٹ، دکان یا کاروباری مرکز کو بند نہ کرایا جائے، جبکہ کسی رہائشی گلی کو بھی بند یا سیل کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

ہدایات کے مطابق سیکیورٹی کے نام پر شہریوں کی آمدورفت پر پابندی عائد نہ کی جائے اور تمام حفاظتی انتظامات خفیہ اور عوام کے لیے غیر محسوس رکھے جائیں۔

مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی انتظامات ایسے ہونے چاہئیں جن کے باعث شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی یا مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایات پر من و عن عمل درآمد یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔

حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔