4

مہنگائی کا نیا طوفان: ایل پی جی، آٹا، مرغی کا گوشت اور سبزیاں مزید مہنگی، بلوچستان میں آٹے کا بحران سنگین

ملک بھر میں ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کے بعد مہنگائی کی ایک نئی لہر نے عوام کی کمر توڑ دی ہے، اور آٹا، گوشت، سبزیاں اور دالیں سمیت تمام بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ کئی شہروں میں آٹے اور دالوں کی فی کلو قیمت میں 50 روپے جبکہ مرغی کے گوشت کی قیمت میں 100 روپے فی کلو تک کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ لاہور سمیت مختلف شہروں میں ایل پی جی کی بیشتر دکانیں بند ہو چکی ہیں جبکہ دستیاب مقامات پر ایل پی جی کی فی کلو قیمت ساڑھے پانچ سو سے ساڑھے چھ سو روپے کے درمیان وصول کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب بلوچستان بھر میں گندم کا بحران شدید ترین صورت اختیار کر گیا ہے، جہاں خضدار، چاغی، واشک، کیچ اور دیگر اضلاع میں 50 کلو گرام آٹے کی بوری کی قیمت 8 ہزار روپے سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بھی سبزیوں، گوشت اور دودھ کی قیمتوں میں بیس فیصد تک کا اضافہ ہو چکا ہے، جس پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں فوری کمی کا مطالبہ کیا ہے۔