2

وزیراعظم سے لاہور چیمبر کے صدر علی حسام اصغر کی اہم ملاقات

وزیراعظم نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر علی حسام اصغر سے ملاقات کی، جس میں ملکی معاشی صورتحال، تجارت کے فروغ، صنعتوں کو درپیش مسائل اور کاروباری برادری کو سہولیات فراہم کرنے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے ملکی معیشت کی ترقی اور استحکام کیلئے برآمدات پر مبنی صنعتوں کے کردار کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت نجی شعبے کے ساتھ مل کر معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور کاروبار کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے روزگار کے مواقع بڑھانے اور تجارتی سرگرمیوں کو وسعت دینے کیلئے باہمی تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

اس موقع پر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر علی حسام اصغر نے وزیراعظم کو کاروباری برادری کو درپیش مسائل اور تجاویز سے آگاہ کیا۔ انہوں نے حکومت کی معاشی پالیسیوں کی تعریف کرتے ہوئے سرمایہ کار دوست اقدامات کو سراہا۔

علی حسام اصغر نے پیداوار میں اضافے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کیلئے قابل عمل تجاویز بھی پیش کیں۔

وزیراعظم نے پیش کردہ تجاویز کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی تاکہ کاروباری برادری کے مسائل اور تجاویز پر غور کیا جاسکے۔

ملاقات میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔