3

شہباز شریف حکومت کی محنت کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہوگئے: رانا تنویر حسین

وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی حکومت نے دن رات محنت کرکے ملکی معیشت کو سنبھالا، جبکہ معاشی بہتری کے ثمرات عوام تک منتقل ہونا شروع ہوگئے ہیں۔

شیخوپورہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے گندم کے سرکاری نرخ مقرر ہونے پر کسانوں کو مبارکباد دی۔ ان کا کہنا تھا کہ گندم کے سرکاری نرخوں میں اضافے سے کسانوں کو بڑا فائدہ ہوگا۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ رواں سال پاکستان میں دھان کی بمپر پیداوار ہوئی ہے۔ فصل کی بہتر پیداوار حاصل کرنے کیلئے معیاری بیج اہم کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے زرعی پیداوار میں اضافے کیلئے بیج کے معیار پر توجہ دینا ضروری ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ خلیجی جنگ کے اثرات پوری دنیا سمیت پاکستان پر بھی مرتب ہوئے ہیں، تاہم حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود عوام کو ریلیف فراہم کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ملکی معیشت کو مستحکم کرنے اور زرعی شعبے کی بہتری کیلئے اقدامات کر رہی ہے، جبکہ گندم کے نرخوں میں اضافے سے کسانوں کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔