بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے کمانڈر عادل شاہ عرف درویش کو ہلاک کردیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائی بلوچستان میں جاری آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت کی گئی، جس میں مطلوب دہشتگرد کمانڈر کو نشانہ بنایا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والا کمانڈر دسمبر 2020 سے فتنہ الخوارج سے وابستہ تھا، جبکہ 2024 سے وہ دہشتگرد گروہ کے مالی معاملات کی نگرانی کر رہا تھا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق عادل شاہ عرف درویش غیر مقامی دہشتگردوں کو ژوب، شیرانی اور شعبان کے علاقوں میں رہائش فراہم کرنے میں بھی مدد کرتا تھا۔ وہ 2022 اور 2023 سے سکیورٹی فورسز پر حملوں اور اغوا برائے تاوان کی کارروائیوں میں ملوث رہا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ہلاک کمانڈر کے خلاف انسداد دہشتگردی کی عدالتوں میں 19 مقدمات درج تھے، جبکہ اس کے سر کی قیمت 25 لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔









