3

پاکستان ریلوے میں 31 دسمبر تک ایمرجنسی نافذ، افسران کی چھٹیاں منسوخ

پاکستان ریلوے نے کفایت شعاری اقدامات کے تحت اپنے تمام افسران کے فضائی سفر پر پابندی عائد کردی، جبکہ سرکاری دوروں کیلئے ریل کے ذریعے سفر لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ دوسری جانب ٹرین آپریشن کو محفوظ بنانے کیلئے محکمہ ریلوے میں 31 دسمبر تک ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

پاکستان ریلوے کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق افسران کو فضائی سفر کی مد میں کوئی رقم ادا نہیں کی جائے گی، جبکہ سرکاری دوروں کے دوران سرکاری گاڑیوں کے استعمال پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ یہ ہدایات تمام چیف ایگزیکٹو افسران اور سینئر جنرل منیجرز کی منظوری سے جاری کی گئی ہیں۔

دوسری جانب وزیر ریلوے حنیف عباسی کی ہدایات پر محفوظ ٹرین آپریشن یقینی بنانے کیلئے محکمہ ریلوے میں 31 دسمبر تک ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

پاکستان ریلوے ہیڈ کوارٹرز کے مطابق فیلڈ افسران کی تمام چھٹیاں تین ماہ کیلئے منسوخ کردی گئی ہیں، جبکہ انہیں ٹرین آپریشنز کی نگرانی کیلئے اتوار کے روز بھی فیلڈ دورے کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

بیان کے مطابق سول اور مکینیکل چیف انجینئرز اپنے متعلقہ علاقوں میں ریلوے آپریشنز اور حفاظتی انتظامات سے متعلق روزانہ کی رپورٹس وزارت کو جمع کرائیں گے۔ ہیڈ آف سیفٹی سے بھی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹس طلب کی گئی ہیں۔

خراب بوگیاں، ویگنیں اور انجن 31 دسمبر تک درست کرنے کا حکم

وزیر ریلوے حنیف عباسی نے خراب یا بریکوں کے بغیر چلنے والی تمام مسافر بوگیوں اور مال بردار ویگنوں کو 31 دسمبر تک سروس سے نکال کر مکمل طور پر قابل استعمال بنانے کا حکم دیا ہے۔

وزیر ریلوے کا کہنا ہے کہ حکومت وزیراعظم کے وژن کے مطابق مسافروں کو حتی الامکان محفوظ سفر فراہم کرنے کیلئے پُرعزم ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مقررہ مدت تک ٹرینوں کی خامیاں دور نہ کرنے والے افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان ریلوے میں حالیہ مہینوں کے دوران متعدد حادثات اور ٹرینوں کے پٹری سے اترنے کے واقعات پیش آچکے ہیں۔ صرف جولائی میں اس نوعیت کے 7 واقعات رپورٹ ہوئے۔

حادثات کی ممکنہ وجوہات میں ریلوے پٹریوں کی خستہ حالی، خراب بوگیوں اور ویگنوں کا استعمال، کانٹوں کا دستی نظام، انسانی غلطیاں، مرمت میں کوتاہیاں اور وسائل کی کمی شامل ہیں۔

محکمہ ریلوے کی جانب سے نئے اقدامات کا مقصد ٹرین آپریشنز کی نگرانی بہتر بنانا، حفاظتی خامیوں کو دور کرنا اور مسافروں کیلئے محفوظ سفر کو یقینی بنانا ہے۔