2

شاداب خان کی شاندار سنچری، پاکستان نے انگلینڈ کو شکست دے دی

پاکستان نے سہ ملکی سیریز کے چوتھے ون ڈے میچ میں شاندار مقابلے کے بعد انگلینڈ کو شکست دے دی۔ شاداب خان کی سنچری کی بدولت قومی ٹیم نے 242 رنز کا ہدف 48ویں اوور میں 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جس کے بعد انگلینڈ کی ٹیم 47ویں اوور میں 241 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستانی ٹیم اس میچ میں خواتین میں چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے لیے گلابی رنگ کی کٹ پہن کر میدان میں اتری۔

انگلینڈ کی اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا۔ شاہین شاہ آفریدی نے پہلے اوور کی پانچویں گیند پر ٹام بینٹن کو 4 رنز پر آؤٹ کردیا، جبکہ تیسرے اوور میں جو روٹ 5 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ پانچویں اوور میں ہیری بروک بھی رن آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے۔

حارث رؤف نے انگلینڈ کی چوتھی وکٹ حاصل کی، جس کے بعد مہمان ٹیم کا اسکور 52 رنز پر 4 وکٹیں ہوگیا۔

ابتدائی نقصان کے باوجود بین ڈکٹ نے مزاحمت جاری رکھی اور 105 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی۔ سیم کرن نے 42 جبکہ گس آکنٹسن نے 36 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں اور ون ڈے کرکٹ میں 150 وکٹیں مکمل کرنے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ رضا اللہ اور عرفات منہاس نے 2،2 جبکہ حارث رؤف نے ایک وکٹ حاصل کی۔

انگلینڈ کی جانب سے دیا گیا 242 رنز کا ہدف پاکستان نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 48ویں اوور میں حاصل کرلیا اور میچ اپنے نام کرلیا۔ شاداب خان کی سنچری اس کامیابی کا نمایاں پہلو رہی۔