سہ ملکی ون ڈے سیریز کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 37 رنز سے شکست تو دے دی، تاہم مقررہ وقت میں اوورز مکمل نہ کرنے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے دونوں ٹیموں پر جرمانے عائد کردیے۔
آئی سی سی کے مطابق پاکستانی ٹیم پر میچ فیس کا 10 فیصد جبکہ سری لنکن ٹیم پر 5 فیصد جرمانہ کیا گیا ہے۔ پاکستان نے مقررہ وقت میں دو اوورز کم کیے، جبکہ سری لنکا کی ٹیم ایک اوور پیچھے رہی۔
شاہین آفریدی اور کوشل مینڈس نے غلطی تسلیم کرلی
آئی سی سی کے مطابق پاکستان کے کپتان شاہین شاہ آفریدی اور سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے سلو اوور ریٹ کی خلاف ورزی تسلیم کرلی، جس کے بعد معاملے میں مزید کارروائی کی ضرورت نہیں رہی۔
پاکستان نے پہلے میچ میں 37 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی
یاد رہے کہ اتوار کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سہ ملکی ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49.5 اوورز میں 305 رنز بنائے تھے۔
پاکستان کی جانب سے سلمان علی آغا نے شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے 107 رنز کی اننگز کھیلی، جس کی بدولت قومی ٹیم سری لنکا کو 306 رنز کا ہدف دینے میں کامیاب ہوئی۔
جواب میں سری لنکن ٹیم 48.1 اوورز میں 268 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی اور پاکستان نے میچ 37 رنز سے اپنے نام کرلیا۔
فتح کے باوجود سلو اوور ریٹ پر جرمانہ پاکستانی ٹیم کے لیے ایک اضافی خبر بن گیا، جبکہ سری لنکا کو بھی مقررہ وقت میں اوورز مکمل نہ کرنے پر جرمانے کا سامنا کرنا پڑا۔









