4

ویرات کوہلی کا بچپن کا پہلا کرش کون تھا؟ اداکارہ کرشمہ کپور سے جڑی دلچسپ کہانی سامنے آگئی

نئی دہلی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی اور اداکارہ انوشکا شرما کی جوڑی آج دنیا بھر میں محبت اور کامیابی کی علامت سمجھی جاتی ہے، تاہم بہت کم لوگ یہ جانتے ہیں کہ انوشکا سے پہلے ویرات کوہلی کے دل میں بولی ووڈ کی ایک اور مشہور اداکارہ کے لیے پسندیدگی موجود تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، ویرات کوہلی نے ماضی میں ایک انٹرویو کے دوران اپنی پہلی پسند کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ان کی بچپن کا پہلا کرش 90 کی دہائی کی نامور اداکارہ کرشمہ کپور تھیں۔ سنہ 1988 میں پیدا ہونے والے ویرات کوہلی جب چھوٹے تھے، تو کرشمہ کپور بولی ووڈ کا ایک بڑا نام بن چکی تھیں اور ان کی فلمیں نوجوانوں کے ساتھ بچوں میں بھی انتہائی مقبول تھیں۔

رپورٹس کے مطابق، ویرات نے خود اعتراف کیا تھا کہ وہ کرشمہ کپور کی فلم ’جڑواں‘ دیکھنے کے بعد ان سے اس قدر متاثر ہوئے تھے کہ ان کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے بے تاب رہتے تھے۔ البتہ یہ محض بچپن کا ایک جذباتی لگاؤ تھا، اور دونوں کا کبھی کوئی ذاتی یا حقیقی رشتہ نہیں رہا۔ وقت کے ساتھ یہ قصہ صرف ایک پرانی یاد بن کر رہ گیا۔

ویرات کوہلی کی حقیقی محبت کی کہانی بالآخر معروف اداکارہ انوشکا شرما کے ساتھ پروان چڑھی۔ دونوں کی پہلی ملاقات سنہ 2013 میں ایک شیمپو کے اشتہار کی شوٹنگ کے دوران ہوئی، جو پہلے دوستی اور پھر محبت میں بدل گئی۔ کئی سال تک ایک دوسرے کو چاہنے کے بعد اس جوڑے نے 2017 میں اٹلی میں ایک نجی تقریب کے دوران شادی کر لی۔ شادی کے بعد ویرات اور انوشکا کے ہاں بیٹی وامیکا اور بیٹے آکے کی پیدائش ہوئی، اور آج یہ جوڑا دنیا بھر میں سب سے زیادہ پسند کیے جانے والے مشہور جوڑوں میں شمار ہوتا ہے۔