7

اداکارہ میرا کا لیلیٰ کی حمایت میں بیان: ریشم پر سنگین الزامات، مداحوں سے ووٹ کی اپیل

لاہور (شوبز ڈیسک): نامور پاکستانی اداکارہ میرا نے اپنی قریبی دوست اور ساتھی اداکارہ لیلیٰ کی حمایت میں سامنے آتے ہوئے اداکارہ ریشم پر سنگین الزامات عائد کر دیئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق لیلیٰ ان دنوں ایک نجی ریئلٹی شو میں شرکت کی وجہ سے خبروں کی زینت بنی ہوئی ہیں، جہاں ناظرین ان کے انداز اور شرکا کے ساتھ برتاؤ کو بے حد پسند کر رہے ہیں۔ اس دوران میرا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک طویل پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے مداحوں سے لیلیٰ کو بھرپور ووٹ دینے کی اپیل کی۔

میرا نے انکشاف کیا کہ لیلیٰ نے زندگی میں انتہائی کٹھن وقت دیکھا ہے اور وہ بچپن سے تنہا اپنے خاندان کی کفالت کرتی رہی ہیں۔ اس سفر میں انہوں نے اپنا گھر، گاڑی، زیورات اور دیگر قیمتی چیزیں تک کھو دیں۔

میرا نے الزام عائد کیا کہ اداکارہ ریشم لاہور میں تقریباً 20 سال تک لیلیٰ کو مالی تنگی، ذاتی گھر اور گاڑی نہ ہونے پر مسلسل نیچا دکھاتی اور ان کی غربت کا تمسخر اڑاتی رہیں۔ میرا نے لیلیٰ کو اپنی بہن قرار دیتے ہوئے خواہش ظاہر کی کہ اب وہ ایک پرسکون اور خوشحال ازدواجی زندگی گزاریں۔ انہوں نے ریئلٹی شو میں لیلیٰ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شو کی اصل حقدار اور ملکہ قرار دیا۔