6

اداکارہ لیلیٰ کا ماضی کے کاموں سے متعلق بڑا انکشاف

معروف اداکارہ لیلیٰ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے تقریباً 8 برس قبل ایسے کام سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی جسے وہ اپنے دینی عقائد کے مطابق درست نہیں سمجھتی تھیں۔

1990 کی دہائی سے شوبز انڈسٹری سے وابستہ لیلیٰ نے ایک رئیلٹی شو میں اپنی ذاتی زندگی، خواہشات اور شوبز کیریئر کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ رئیلٹی شو جیتنے کے لیے دعا کر رہی ہیں کیونکہ انعامی رقم سے وہ اپنا گھر اور ایک بڑی گاڑی خریدنے کا خواب پورا کرنا چاہتی ہیں۔

لیلیٰ نے ماضی میں کی جانے والی بعض پرفارمنسز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تقریباً آٹھ سال قبل انہوں نے ایسے کام چھوڑنے کا فیصلہ کیا جو ان کے مطابق اللہ تعالیٰ کی مرضی کے خلاف تھے۔

اداکارہ کی گفتگو کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آیا۔ بعض صارفین نے ان کے ماضی پر تنقید کرنے کے بجائے ان کی موجودہ سوچ اور تبدیلی کو سراہا، جبکہ کچھ افراد نے ان کے بیانات پر تنقید بھی کی۔

ایک صارف نے کہا کہ لیلیٰ کی گفتگو بناوٹی محسوس نہیں ہوتی اور دعا کی کہ اللہ ان کی دعائیں قبول کرے۔

ایک اور صارف نے اداکارہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ لیلیٰ رئیلٹی شو جیتیں گی کیونکہ انہوں نے اپنی خواہش کا اظہار خلوص کے ساتھ کیا ہے۔

تاہم بعض صارفین نے لیلیٰ کی جانب سے اپنی مشکلات اور ماضی کے تجربات کا بار بار ذکر کرنے پر بھی تنقید کی۔