5

جماعت اسلامی کا 9 اگست کوچاروں صوبوں کے گورنر ہاؤسز کا رخ کرنے کا فیصلہ

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے مہنگائی، بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاجی تحریک کا دائرہ مزید بڑھانے کا اعلان کر دیا۔

لاہور میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی 9 اگست کو لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب ہاؤس کی طرف مارچ کرے گی، جبکہ چاروں صوبوں میں گورنر ہاؤسز کے سامنے تاریخی دھرنوں کا آغاز کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ٹیکسز اور لیوی میں بھی اضافہ کیا، جبکہ عالمی سطح پر قیمتوں میں کمی کے باوجود عوام کو ریلیف نہیں دیا گیا۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمت 225 روپے فی لیٹر مقرر کی جائے، پیٹرولیم لیوی ختم کی جائے اور عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ کم کیا جائے۔

امیر جماعت اسلامی نے دعویٰ کیا کہ حکومت اب تک اربوں روپے کی لیوی وصول کر چکی ہے اور اپنی ناکامیوں کو چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ مہنگائی اور عوامی مسائل کے حل تک احتجاجی تحریک جاری رہے گی، جبکہ آنے والے دنوں میں احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔