3

الیکشن کمیشن نے شاہد خاقان عباسی کی جماعت ’عوام پاکستان‘ کو ڈی لسٹ کر دیا

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی سیاسی جماعت عوام پاکستان کو انٹرا پارٹی انتخابات مقررہ مدت میں نہ کرانے پر رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی فہرست سے ڈی لسٹ کر دیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق جماعت مقررہ قانونی مدت کے اندر انٹرا پارٹی انتخابات کرانے میں ناکام رہی، جس کے باعث الیکشن ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی گئی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ قوانین کی خلاف ورزی پر عوام پاکستان کو رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی فہرست سے خارج کر دیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں پر لازم ہے کہ وہ مقررہ وقت کے اندر انٹرا پارٹی انتخابات منعقد کریں اور متعلقہ قانونی تقاضے پورے کریں، بصورت دیگر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

یہ اقدام سیاسی جماعتوں میں جمہوری عمل اور قانونی تقاضوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی کوششوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔