6

خیبر پختونخوا اسمبلی: اراکین کے استحقاق و مراعات ایکٹ 2026 میں ترامیم متفقہ طور پر منظور، تاحیات بلیو پاسپورٹ کی شق ختم

خیبر پختونخوا اسمبلی نے اراکین کے لیے مختص مراعات و استحقاق ایکٹ 2026ء میں متنازع شقوں پر مشتمل ترمیمی بل متفقہ طور پر منظور کر لیا ہے۔ ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی کی صدارت میں ہونے والے اجلاس کے دوران کی جانے والی ان ترامیم کے تحت اراکینِ اسمبلی کے لیے تاحیات بلیو پاسپورٹ کی شق واپس لے لی گئی ہے، جبکہ صحافیوں کے حوالے سے سزاؤں میں بھی کمی کر دی گئی ہے۔

اجلاس میں منظور کی گئی نئی ترامیم کی اہم تفصیلات درج ذیل ہیں:

بلیو پاسپورٹ: اراکینِ اسمبلی کے لیے تاحیات بلیو پاسپورٹ کی شرط ختم کر دی گئی ہے اور سرکاری (بلیو) پاسپورٹ اب صرف رکنِ اسمبلی کی مدتِ رکنیت تک ہی کارآمد رہے گا۔

اسلحہ لائسنس: اراکینِ اسمبلی کے لیے مفت اسلحہ لائسنسوں کی تعداد دوبارہ کم کر کے چار (4) مقرر کر دی گئی ہے۔

صحافیوں کے لیے ضوابط: صحافیوں پر عائد جرمانوں اور سزاؤں میں نمایاں کمی کر دی گئی ہے، جبکہ ایکٹ کے فرسٹ شیڈول میں موجود دیگر متنازع شقوں کو بھی ترمیم کے ذریعے اصلاح کر دیا گیا ہے۔

ہری پور اور ایبٹ آباد کی وفاق میں شمولیت کی تجویز کے خلاف قرارداد منظور

اجلاس کے دوران صوبائی وزیر اکبر ایوب نے ہری پور اور ایبٹ آباد کو وفاقی دارالحکومت میں شامل کرنے کی مبینہ تجویز کے خلاف ایک اہم قرارداد پیش کی جسے ایوان نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ ہری پور اور ایبٹ آباد خیبر پختونخوا کے اٹوٹ انگ ہیں اور اس صوبے کے قدرتی و معاشی وسائل پر بنیادی حق خیبر پختونخوا کے عوام کا ہے۔ قرارداد کی منظوری کے بعد خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس 10 اگست تک کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔