وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان طے پانے والے تاریخی مشترکہ دفاعی معاہدے پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج پاکستان کی تاریخ کا ایک انتہائی اہم اور شاندار دن ہے اور پوری دنیا پاکستان کی اعلیٰ عسکری و دفاعی صلاحیتوں کا لوہا مان رہی ہے۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات نے اپنے خصوصی بیان میں کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امتِ مسلمہ اور خطے میں امن و اتحاد کا پیغام دیا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ معرکہ حق کے وقت پوری قوم ایک پرچم تلے متحد ہوئی اور دشمن بالخصوص بھارت کو دندان شکن شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
عطا اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ "مکہ ڈیفنس جوائنٹ ایگریمنٹ" کا انعقاد ہر پاکستانی کی محنت، جذبے اور کامیابی کا مظہر ہے، جس سے نہ صرف ملک کا دفاع ناقلِ تسخیر ہو گیا ہے بلکہ پاکستان کا بین الاقوامی وقار اور اسٹریٹجک مقام بھی بے حد بلند ہوا ہے۔









