جماعت اسلامی پاکستان نے پیٹرولیم لیوی، مہنگائی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ملک گیر احتجاجی دھرنوں کا اعلان کر دیا۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ جمعہ کو ملک بھر میں 510 مقامات پر پرامن دھرنے دیے جائیں گے، جبکہ احتجاج کے دوران اہم شاہراہوں پر ٹریفک روکی جائے گی، تاہم ایمبولینسوں کو گزرنے کی اجازت ہوگی۔
لاہور میں جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے زیر اہتمام وحدت روڈ پر مہنگائی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اگر احتجاج میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی گئی تو تحریک کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پیٹرولیم لیوی ختم کرے اور پیٹرول کی قیمت 225 روپے فی لیٹر مقرر کی جائے۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم لیوی کا براہ راست اثر روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں پر پڑتا ہے، جس سے عام شہری خصوصاً خواتین شدید متاثر ہو رہی ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عوام کو مکمل ریلیف نہیں دیا گیا، جبکہ ٹیکسوں کا بوجھ مسلسل بڑھایا جا رہا ہے۔
جماعت اسلامی کے مطابق جمعہ 7 اگست کو شام 4 بجے ملک بھر میں احتجاجی دھرنے اور مظاہرے کیے جائیں گے۔
اعلان کے مطابق لاہور میں قرطبہ چوک، کراچی میں شارع فیصل، اسلام آباد میں فیض آباد، پشاور میں موٹروے ٹول پلازہ، ملتان میں چونگی نمبر 6، کوئٹہ میں میزان چوک سمیت مختلف شہروں میں احتجاجی سرگرمیاں ہوں گی۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ احتجاج پرامن ہوگا اور ملک بھر کے اضلاع میں مجموعی طور پر 510 مقامات پر عوامی احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا۔









