3

آزاد کشمیر انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مسلم لیگ ن نے 13 نشستوں کیساتھ میدان مار لیا ، پیپلز پارٹی 5 حلقوں پر کامیاب

آزاد جموں و کشمیر قانون سازاسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کے 9 میں سے 8 حلقوں پر پولنگ کے وقت میں ایک گھنٹہ توسیع کی گئی جبکہ ایک حلقے میں پولنگ ملتوی کر دی گئی۔

الیکشن کمیشن نے مظفرآباد ڈویژن کی 9 اور مہاجرین کی 12 نشستوں پر پولنگ کے لیے صبح 8 سے شام 5 بجے تک کا وقت مقرر کیا تھا۔

مظفر آباد ڈویژن کی 8 نشستوں پر پولنگ کے وقت میں ایک گھنٹہ توسیع کی گئی تھی، جس کے بعد ووٹرز شام 6 بجےتک ووٹ کاسٹ کرتے رہے۔ آزاد کشمیر میں عام انتخابات کے دوسرے مرحلے میں آج 21 نشستوں پر پولنگ شیڈول تھی، جس میں مظفرآباد ڈویژن کی 9 جب کہ مہاجرین کی 12 نشستیں شامل تھیں تاہم الیکشن کمیشن نے حلقہ ایل اے 27 مظفرآباد میں پولنگ ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق حلقہ ایل اے 27 میں شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے متعدد سڑکیں بند تھیں جس کے نتیجے میں انتخابی عملہ اور انتخابی سامان بروقت نہ پہنچ سکا، اس حلقے میں پولنگ اب 4 اگست کو ہوگی۔

آزاد کشمیر اسمبلی کے انتخابات تین مراحل میں ہو رہے ہیں۔ پہلے مرحلے میں 27 جولائی کو میرپور ڈویژن میں انتخابات ہوئے تھے، دوسرا آج منعقد ہوا جب کہ تیسرا مرحلے میں 10 اگست کو پونچھ ڈویژن میں الیکشن شیڈول ہیں۔

اتوار کے روز الیکشن کے دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کی 8 نشستوں اور 12 مہاجرین کی نشستوں پر مجموعی طور پر 300 سے زائد امیدوار میدان میں ہیں۔ مہاجر نشستوں میں 7 پنجاب جب کہ باقی نشستیں خیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان اور اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں تقسیم ہیں۔