3

پشاور میں چہلم امام حسینؑ کا مرکزی جلوس برآمد، سیکیورٹی کے سخت اقدامات

شہداۓ کربلا کی عظیم قربانیوں کی یاد میں پشاور میں چہلم امام حسین علیہ السلام کا مرکزی جلوس ذوالجناح روایتی عقیدت و احترام کے ساتھ امام بارگاہ آغا سید لعل شاہ سے برآمد ہو گیا۔

جلوس اپنے مقررہ اور روایتی راستوں سے پیش قدمی کر رہا ہے اور اپنے تمام طے شدہ مراحل طے کرنے کے بعد امام بارگاہ ست گرہ (گھڑی سیداں) پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔ جلوس کے دوران عزادار نوحہ خوانی اور سینہ کوبی کرتے ہوئے نواسہ رسول حضرت امام حسینؑ اور ان کے وفادار ساتھیوں کی آفاقی قربانیوں کو بہترین الفاظ میں خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔

اس موقع پر عزاداروں کی سہولت کے لیے جلوس کی راہ میں پانی اور شربت کی مختلف سبیلوں کا بھی بہترین اہتمام کیا گیا ہے۔

کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی کے انتہائی سخت اور فول پروف اقدامات کیے گئے ہیں۔ جلوس کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس کی جانب سے کڑی ناکہ بندی کی گئی ہے، جبکہ حساس مقاموں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ جلوس کا امن و امان کے ساتھ اختتام ممکن ہو سکے۔