4

آئیسکو کا بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف بڑا آپریشن، 7 ارب سے زائد کی ریکوری

وزیراعظم کی ہدایت پر بجلی چوری اور نادہندگان کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) نے 7 ارب روپے سے زائد کے واجبات وصول کر لیے۔

آئیسکو حکام کے مطابق ستمبر 2023 سے بجلی چوروں کے خلاف جاری کارروائیوں کے دوران 7 ہزار سے زائد بجلی چوروں کو پکڑا گیا، جبکہ ان پر 60 کروڑ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ کارروائیوں کے دوران 3 ہزار سے زائد بجلی چوروں کو پولیس کے ذریعے گرفتار بھی کیا گیا۔

آئیسکو کے مطابق واجبات کی ریکوری مہم میں 2 لاکھ سے زائد صارفین سے 7 ارب روپے سے زیادہ رقم وصول کی جا چکی ہے۔

چیف ایگزیکٹو آئیسکو انجینئر چوہدری خالد محمود نے کہا کہ بجلی چوری اور نادہندگان کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ بجلی چوری کی روک تھام کے لیے آئیسکو میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بھی بڑھایا جا رہا ہے، جس کے تحت 12 لاکھ سے زائد اے ایم آئی میٹرز کی تنصیب مکمل کر لی گئی ہے۔

آئیسکو حکام کے مطابق ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز پر سکیننگ میٹرز کی تنصیب کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے تاکہ بجلی چوری کی روک تھام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔