پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے سیکیورٹی اور انسدادِ دہشت گردی کے امور پر پریس بریفنگ کے دوران زور دے کر کہا ہے کہ گڈ گورننس (بہترین حکمرانی) کے بغیر ملک کے درپیش مسائل حل نہیں ہو سکتے، اور اچھی حکمرانی پاکستان کے عوام کا بنیادی حق ہے۔
پریس بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کے حالیہ بیان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی ذاتی رائے ہو سکتی ہے، تاہم حقیقت یہی ہے کہ پاکستان کی پائیدار سیکیورٹی اور استحکام کے لیے گڈ گورننس انتہائی اہم عنصر ہے۔ انہوں نے یاد دہانی کرائی کہ نیشنل ایکشن پلان کے 14 اہم نکات پر تمام سیاسی جماعتوں کا مکمل اتفاق رائے موجود ہے، اور اگر مسائل حل نہیں ہو رہے تو اس کا صاف مطلب ہے کہ انتظامی اور حکومتی سطح پر گڈ گورننس کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ پاکستان کا نوجوان تعلیم یافتہ اور باصلاحیت ہے جو بہتر مستقبل اور آئین و قانون کی حکمرانی کا مستحق ہے۔ انہوں نے ہارڈ اسٹیٹ (Hard State) کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہارڈ اسٹیٹ سے مراد وہ ریاست ہے جہاں تمام امور آئین اور قانون کے عین مطابق چلائے جاتے ہوں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہارڈ اسٹیٹ کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ ملٹری ریاست کا نظام چلا رہی ہے۔ آئین اور قانون کے سامنے تمام شہری اور ادارے برابر ہیں، اور ہم سب پر بطور شہری یہ فرض عائد ہوتا ہے کہ ہم ریاست کے ساتھ مکمل وفادار رہیں۔









