3

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہسپتال منتقلی کی درخواست پر رجسٹرار کے اعتراضات کالعدم، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے اپیل منظور کر لی

سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہسپتال منتقلی کی درخواست پر رجسٹرار آفس کی جانب سے عائد کیے گئے اعتراضات کے خلاف دائر کردہ چیمبر اپیل پر سماعت کرتے ہوئے اپیل منظور کر لی ہے اور رجسٹرار کے تمام اعتراضات کالعدم قرار دے دیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں بانی پی ٹی آئی کو طبی بنیادوں پر ہسپتال منتقل کرنے کی درخواست پر رجسٹرار کے اعتراضات کے خلاف چیمبر میں سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی کے وکیل عذیر کرامت بھنڈاری چیف جسٹس کے سامنے پیش ہوئے۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ایڈوکیٹ عذیر بھنڈاری کو بانی پی ٹی آئی کا باقاعدہ دستخط شدہ وکالت نامہ جمع کرانے کی ہدایت کی اور ہدایت کی کہ ہسپتال منتقلی کی مرکزی اپیل کو باقاعدہ نمبر الاٹ کیا جائے۔

چیف جسٹس نے بانی پی ٹی آئی کی اس اپیل کو عظمیٰ خان کے کیس کے ساتھ منسلک کرنے کا حکم بھی صادر کیا۔ اس کے ساتھ ہی عدالتِ عظمیٰ نے بانی پی ٹی آئی اور عظمیٰ خان دونوں کی درخواستوں کو جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا بھی منظور کر لی۔