3

مون سون کے چوتھے سلسلے کا الرٹ جاری

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے بھر میں جاری مون سون بارشوں کے چوتھے سلسلے کے پیشِ نظر دریاؤں کی صورتحال، ممکنہ سیلاب، اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کے حوالے سے اہم الرٹ جاری کر دیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون کا یہ سلسلہ 5 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث ندی نالوں اور دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں خطرناک حد تک اضافہ ہو سکتا ہے۔ ترجمان کے مطابق فی الوقت دریائے چناب، جہلم، راوی اور ستلج میں پانی کی آمد معمول کے مطابق ہے، تاہم دریائے سندھ میں کالاباغ اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔

کالاباغ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 63 ہزار کیوسک اور چشمہ پر 2 لاکھ 94 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ وزیرآباد کے نالہ پلکھو میں درمیانے درجے کا سیلاب (3 ہزار 600 کیوسک) اور نارووال کے نالہ بسنتر میں نچلے درجے کا سیلاب موجود ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی جپہ نے خبردار کیا ہے کہ بالائی علاقوں میں بارشوں سے مشرقی دریاؤں کی سطح بڑھ سکتی ہے۔ انہوں نے لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں اربن فلڈنگ، جبکہ مری اور گلیات جیسے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

حکام نے دریاؤں کے پاٹ میں رہنے والے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے اور بتایا ہے کہ متاثرہ اضلاع میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دیے گئے ہیں جہاں خوراک اور ادویات دستیاب ہیں۔ پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور بچوں کو ندی نالوں سے دور رکھنے کی بھی تاکیدی ہدایت کی ہے۔