صوبائی دارالحکومت پشاور میں معمولی بارش کے باعث صبح سے بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ بندش نے پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) اور واپڈا کی کارکردگی کا پول کھول دیا ہے۔ بارش تھم جانے کے گھنٹوں بعد بھی شہر کے متعدد علاقوں میں برقی رو بحال نہ ہو سکی، جس سے شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پشاور کے مرکزی اور گنجان آباد علاقوں بشمول صدر، گلبرگ، سنہری مسجد روڈ، حیات آباد، یونیورسٹی ٹاؤن، تہکال، گلبہار، اندرون و بیرون شہر اور مضافاتی علاقوں میں صبح سے بجلی غائب ہے۔ طویل معطلی کے باعث نہ صرف روزمرہ زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے بلکہ گھروں میں پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے۔
بجلی کے اس بحران سے تجارتی اور صنعتی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوئی ہیں، جبکہ ہسپتالوں میں علاج معالجے کے امور میں شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ خریداروں اور تاجروں کا کہنا ہے کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں۔
شہریوں نے شکایت کی ہے کہ گھنٹوں بجلی کی بندش کے باوجود پیسکو اور واپڈا کا عملہ فیلڈ سے غائب ہے اور شکایات کے ازالے کے لیے دیے گئے سرکاری ہیلپ لائن نمبرز بھی بند جا رہے ہیں۔ شدید ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے پشاور کے عوام نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے فوری نوٹس لینے اور غفلت کے مرتکب پیسکو حکام کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔









