3

ریاستی اداروں کے خلاف متنازع گفتگو: بانی تحریک انصاف عمران خان کی بہن نورین نیازی کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج

بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی بہن نورین نیازی کے خلاف نیشنل کاؤنٹر کرائم اینڈ انویسٹی گیشن ایجنسی اسلام آباد میں پیکا ایکٹ 2016 اور تعزیراتِ پاکستان کی متعدد سنگین دفعات کے تحت باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق نورین نیازی نے ایک پوڈ کاسٹ انٹرویو کے دوران پاکستان کی ریاست، ریاستی سلامتی اور مسلح افواج سمیت اہم اداروں کے خلاف مبینہ طور پر جھوٹے، توہین آمیز اور اشتعال انگیز الزامات عائد کیے، جس کا مقصد عوام کا ریاستی اداروں پر اعتماد متزلزل کرنا اور سراسیمگی پھیلانا تھا۔ حکام کے مطابق یہ متنازع انٹرویو سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' (سابقہ ٹوئٹر) پر وائرل ہوا، جس میں افواجِ پاکستان کی کامیابیوں اور بیانیے پر مبنی پروپیگنڈا کر کے نفرت و بداعتمادی پیدا کرنے کی کوشش کی گئی۔

ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ملزمہ کو تفتیش میں شامل ہونے اور بیان ریکارڈ کرانے کے لیے متعدد بار نوٹسز جاری کیے گئے، تاہم عدم تعاون اور بادی النظر میں ابتدائی شواہد کی بنیاد پر پیکا 2016 کی دفعات 20 اور 26-A کے ساتھ تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 505 اور 506 کے تحت کیس درج کر لیا گیا ہے۔ این سی سی آئی اے کا کہنا ہے کہ مقدمے کی تفتیش جاری ہے اور اس میں شامل دیگر تمام کرداروں کا بھی تعاقب کیا جائے گا۔