آزاد جموں و کشمیر میں عام انتخابات کے پہلے مرحلے کے تحت میرپور ڈویژن کی 13 نشستوں پر پولنگ کا عمل مکمل ہو گیا ہے، جہاں موصول ہونے والے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) نے برتری حاصل کرتے ہوئے 7 نشستوں پر کامیابی سمیٹ لی ہے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی 4 نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے۔
غیر سرکاری نتائج کے مطابق پہلے مرحلے کے انتخابات میں کئی بڑے اپ سیٹس دیکھنے میں آئے۔ سابق وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کو ایل اے 7 بھمبر سے مسلم لیگ (ن) کے چوہدری طارق فاروق کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و صدر پی پی پی آزاد کشمیر چوہدری محمد یاسین اپنے آبائی حلقے ایل اے 12 چڑہوئی سے ن لیگی امیدوار راجہ ریاست خان سے ہار گئے، تاہم وہ ایل اے 10 کوٹلی سٹی سے اپنی نشست بچانے میں کامیاب رہے۔ اس کے علاوہ پی پی پی کے جاوید اقبال بڈھانوی اور ولید انقلابی کو بھی اپنے اپنے حلقوں میں شکست ہوئی۔
دیگر کامیاب امیدواروں میں ایل اے 1 ڈڈیال سے مسلم لیگ (ن) کے چوہدری اظہر صادق، ایل اے 2 چکسواری سے پیپلز پارٹی کے قاسم مجید، ایل اے 3 میرپور سٹی سے پی پی پی کے یاسر سلطان، ایل اے 4 کھڑی شریف سے (ن) لیگ کے چوہدری رخسار احمد، ایل اے 8 کوٹلی سے پی پی پی کے ظفر اقبال ملک، ایل اے 9 نکیال سے (ن) لیگ کے عمیر نعیم، ایل اے 11 سہنسہ سے راجہ آصف اور ایل اے 13 کھوئی رٹہ سے راجہ ایاز احمد خان شامل ہیں۔
ایل اے 5 برنالہ میں (ن) لیگ کے کرنل (ر) وقار احمد نور کو واضح برتری حاصل ہے جبکہ ایل اے 6 سماہنی میں پولنگ کے دوران ووٹ جلانے کے واقعے اور بدنظمی کے باعث حتمی نتیجہ روک لیا گیا ہے، جہاں سابق قانون ساز علی شان سونی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے انتخابی عمل کو آزادانہ، منصفانہ اور پرامن قرار دیتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔









